i پاکستان

زلزلہ 2005 میں شہید ہونے والے اساتذہ،طلبہ اور ملازمین کی قربانی کو فراموش نہیں کیاجائیگا،ڈاکٹر عائشہ سہیلتازترین

October 08, 2022

یونیورسٹی آف آزادجموںکشمیر میں 8اکتوبر 2005کے زلزلہ میں جامعہ کشمیر کے اساتذہ کرام، طلبہ ، ملازمین اور جملہ شہداء زلزلہ کے ایصال ثواب کیلئے ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شہدائے زلزلہ کی 17ویں برسی کے موقع پریادگار شہدا ء پرفاتحہ خوانی اور اجتماجی دعا کی گئی۔ دعائیہ تقریب میں رجسٹرار جامعہ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل، ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، ایسوسی ایٹ ڈین ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر بشیر الرحمن کنٹھ، میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری، پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز لون،اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایش کی صدرڈاکٹر نازنین حبیب،ڈائریکٹر ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ ڈاکٹر محمد رفیق ، ایڈمنسٹریٹیو سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر اسرارقادری سمیت سربراہان شعبہ جات ،فیکلٹی ممبران، یونیورسٹی آفیسران اور ملازمین نے بڑی شرکت کی۔ رجسٹرار جامعہ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل نے 8اکتوبر 2005کے زلزلہ میں شہید ہونے والے اساتذہ،طلبہ اور ملازمین کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیںکیا جاسکتا، 8اکتوبر 2005کے زلزلہ میں ملک کے دیگر علاقوں سمیت جامعہ کشمیر کو بھی بے پناہ جانی اورمالی نقصان اٹھانا پڑا۔ تباہ کن زلزلہ میںسٹی کیمپس کی عمارات مکمل طور پرتباہ ہوئیںجبکہ سیکڑوںافراد لقمہ اجل بن گئے۔رجسٹرار جامعہ نے کہا کہ کنگ عبد اللہ کیمپس چھتر کلاس کی تعمیرسعودی عرب اور زلزلہ میں تباہ ہونے والے سٹی کیمپس کی تعمیر نوکو ترکی اور پاکستان وآزاد کشمیر کی لازوال دوستی کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ ، میٹریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری اور ایسوسی ایٹ ڈین ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر بشیر الرحمن کنٹھ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سانحہ 8اکتوبر اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک آزمائش تھی ہم سب کو ایسی مشکلات اور مصیبتوں سے بچنے کیلئے اللہ کے حضور دعا کرتے رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 8اکتوبر کی یادیں ہمیشہ ہمارے ذہنوں میں تازہ رہیں گی، یہ دن زندگی میں کبھی بھولنے والا نہیں جس دن ہم نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔انہوں نے کاہ کہ زلزلہ کے بعد مسلح افواج پاکستان ، ملکی و غیر ملکی این جی اوز، سعودی عرب،ترکی ،متحدہ عرب امارات سمیت پاکستانی قوم نے متاثرہ افراد کیساتھ جس ایثار اور ہمدردی کا اظہار کیا اسے کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی