چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ کیس کی سماعت جوڈیشل کمپلیکس میں کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بابر اعوان نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر درخواست دائر کر دی۔ وکیل بابر اعوان نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایجنسیوں کی رپورٹس کے تحت کچہری میں سکیورٹی الرٹ جاری ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ ضلعی کچہری اسلام آباد میں پہلے بھی دہشت گردی کے واقعات ہو چکے ہیں، عمران خان کے ساتھ عام شہریوں کو بھی ضلعی کچہری میں خطرہ ہے۔ درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو عدالتی پیشی پر سخت سکیورٹی دینے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ 28 فروری کو توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں مقرر ہے، عدالت نے(آج) منگل کو عمران خان کو فردِ جرم عائد کرنے کے لیے ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی