طورخم سرحد پر پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، فائرنگ کے نتیجے میں ایک مقامی شہری زخمی ہوگیا، جبکہ بھگدڑ کے دوران ایک ٹرک ڈرائیور کو دل کا دورہ پڑا، جو جانبر نہ ہو سکا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کشیدگی کے پیش نظر طورخم ٹرانزٹ ٹرمینل کو کارگو گاڑیوں سے خالی کرا لیا گیا ۔ یہ کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب افغان فورسز نے 10 روز قبل سرحد کے متنازعہ علاقے میں تعمیراتی کام شروع کیا تھا، جس پر پاکستان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ ادھر صورتحال کشیدہ ہونے کے باعث پیر کو دسویں روز بھی طورخم سرحد ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند رہی ، جس کے باعث تجارتی سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے سرحدی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی