i پاکستان

تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کو جلسے کی اجازت نہ دینے پر توہینِ عدالت کی درخواستتازترین

July 06, 2024

تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کو جلسہ کی اجازت نہ دینے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔ حکومت کے خلاف اپوزیشن الائنس تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے کوآرڈینیٹر نے اسلام آباد ہائی وکرٹ سے رجوع کرلیا ۔ عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد نے 4 جولائی کو عدالت کو بتایا کہ این او سی جاری کردیا گیا ہے، جس کے بعد عامر مغل سرکاری حکام کو جلسہ گاہ کے دورے پر لے جانے کے لیے ڈی سی آفس گئے، جہاں سے عامر مغل کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے ٹویٹ سے معلوم ہوا کہ جلسہ کا این او سی منسوخ کردیا گیا ہے۔ بعدازاں ڈی سی اسلام آباد نے کل این او سی منسوخ کرنے کا لیٹر بھیج دیا ۔ عدالتی حکم کے باوجود ترنول جلسے کا این او سی معطل کرنا توہینِ عدالت ہے۔ عدالت این او سی منسوخ کرنے والوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کو جلسے کی اجازت نہ دینے پر دائر درخواست میں چیف کمشنر ، ڈی سی ، آئی جی، ایس ایچ او تھانہ ترنول اور دیگر فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جلسہ کرنے کی اجازت دینے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ فریقین کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرنے کا حکم دیا جائے اور پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات بھی جاری کیے جائیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی