پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹر ی اطلاعات رئو ف حسن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو کالعدم قرار دینے کا کہا گیا ہے، مجھے ملک میں تباہی نظر آرہی ہے۔ایک انٹرویو میں رئوف حسن نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی غدار ہیں تو اس ملک میں کوئی بھی محب وطن نہیں، ملک میں یہ سب دیکھ کر بہت شدت سے تکلیف ہورہی ہے، خواہش تھی کہ حالات اس نہج تک نہ پہنچتے۔ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے سے متعلق سوال پر رئوف حسن کا کہنا تھا کہ ایک صحافی کے کہنے پر کابینہ نے منظور کیا کہ بانی پی ٹی آئی پر بغاوت کا مقدمہ درج کیا جائے، تحریک انصاف کو کالعدم قرار دینے کا کہا گیا ہے میں تحریک انصاف پر پابندی لگتے دیکھ رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں پتہ جنہوں نے اس میں حصہ لیا وہ سنجیدہ ہیں یا نہیں، کیا وہ سمجھتے ہیں کہ اس سے ملک پر کیا اثر پڑے گا، جنہوں نے یہ راستہ اختیار کیا ہے کہ وہ دوبارہ سوچیں، دو سال سے جو کچھ ہو رہا ہے اب مجھے تباہی بھی نظر آرہی ہے۔بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ ان کو بھی ڈیل کی آفر ہوئی مگر انہوں نے مسترد کردی، حکومت کی سوچ بانی پی ٹی آئی کو 5 سال اندر رکھنے کی ہے، رانا ثنااللہ تو کہہ چکے ہیں کہ ہمارے لئے مقدمے بنانا کوئی مشکل کام نہیں۔6جولائی جلسے کی اجازت نہیں ملی مگر طے کیا ہے جلسہ ضرور کریں گے، بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے الیکشن ہی بہترین حل ہیں، اگر اس پر اتفاق ہوسکتا ہے تو دیگر جماعتوں کو بھی ساتھ ملائیں گے۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ تعلیم، صحت سمیت بہت سے مسائل نظر آرہے ہیں، امید کی کرن بالکل غائب ہوگئی ہے، مجھے لگتا ہے ہمیں بہت کچھ کرنا پڑے گا، حالت روز بہ روز بدل رہے ہیں،اچھی طرف نہیں جارہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی