i پاکستان

ہڑتال کرنے والے وکیلوں کا لائسنس ختم کرنا چاہیے،جسٹس قاضی فائز عیسیتازترین

February 13, 2023

سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسی نے ہڑتال کرنے والے وکلا پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وکلا کا لائسنس ختم کرنا چاہیے۔ سپریم کورٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسی نے فیصل آباد کی ایک فیکٹری کیخلاف6 کروڑ 78 لاکھ روپے سے زائد گیس چوری کے کیس کی سماعت کی جس میں ٹرائل کورٹ کے آرڈر میں وکلا کے 2 سے 3 بار ہڑتال کے باعث پیش نہ ہونے کا تذکرہ کیا گیا جس پر جسٹس قاضی فائز وکلا پر برہم ہوگئے۔ جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ وکلا کیسے ہڑتال کرسکتے ہیں؟ ایسے وکیلوں کا لائسنس ختم کرنا چاہیے، یہ کوڈ آف کنڈکٹ وکلا کا اپنا بنایا ہوا ہے جس پرخود عمل نہیں کرتے، ایسے ججزکو بھی ہٹانا چاہیے جو آرڈر پر یہ لکھ رہے ہیں کہ وکلا ہڑتال پر ہیں۔ جسٹس فائز نے کہا کہ وکیل ہڑتال کیوں کررہے ہیں؟ یہ بھی نہیں بتایا گیا، کیا عدالت وکیل کو گھر سے اٹھا کر لائے؟ جو چاہتا ہے مرضی سے ہڑتال کرتا ہے، ایسے عدالتی نظام کوپھر بند کردیں، پورے سسٹم کو خراب کر کے رکھ دیا ہے، ہر آدمی اپنا اپنا کام کرے تو ملک کا سسٹم بہتر ہوسکتا ہے۔ معزز جج کا کہنا تھا کہ کنڈکٹ کا قانون وکلا نے خود بنایا ہے، ججز یا پارلیمنٹ نے نہیں، ہم عدالت میں آئین و قانون کے مطابق چلتے ہیں، انصاف اوپر والا کرتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی