سرپرائز ڈے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے 'آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ 'کے 4 سال مکمل ہونے پر پاکستان کی مسلح افواج اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 4 برس مکمل ہونے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارت نے پلواما فالس فلیگ آپریشن کے بعد بزدلانہ حملے کی کوشش کی، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے موقع پر مسلح افواج اور عوام نے بہترین عزم کا مظاہرہ کیا، پاکستان نے موثر اور دلیرانہ جواب دے کر بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ 27 فروری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی پر امن قوم ہے، مسلح افواج وطن کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے بھرپور تیار ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف کسی جارحیت کے نتیجے میں جنگ دشمن کے علاقے میں لڑی جائے گی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی مس ایڈونچر کا جواب مسلح افواج اور عوام بھرپور طاقت سے دیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی