i پاکستان

سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کی بدولت پاک سعودی تعلقات کا نیا دور شروع ہوا ہے،پاکستانی سفیر احمد فاروقتازترین

October 24, 2024

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کی بدولت پاک سعودی تعلقات کا نیا دور شروع ہوا ہے۔ ریاض میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں سے پاکستان کی معیشت پر مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب پاکستان میں توانائی، معدنیات، زراعت اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ احمد فاروق نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی ایکسپورٹ میں چالیس فیصد اضافہ ہوا ہے، پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں سعودی عرب میں فروغ پا رہی ہیں، جس سے پچاس فیصد ریونیو میں اضافہ ہوا ہے۔اس کے علاوہ پرائیویٹ سیکٹر کی مصنوعات کو وسعت دینے اور براہ راست ایکسپورٹ کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہنر مند افرادی قوت کو بڑھانے پر بھی توجہ دی جارہی ہے، کوشش ہے کہ پاک سعودی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے جس کے لیے ثقافت، ادب، فلم، ٹی وی اور دیگر امور کو بڑھایا جا رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی