سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو 7 روز میں پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ایڈمرل(ر)رویندرا چندرا سری وجے گونارتنے نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سری لنکا میں قید پاکستانی شہریوں کی رہائی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں گزشتہ کئی سال سے سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو 7 روز میں پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا، اس موقع پر سری لنکا میں پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کیلئے دونوں جانب سے ضروری کارروائی جلد مکمل کرنے پر اتفاق ہوا۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی جس پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قیدیوں کی وطن واپسی کیلئے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں قید پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کیلئے تمام اقدامات کو جلد از جلد حتمی شکل دی جا رہی ہے، ملاقات میں انسداد منشیات اور بارڈر سکیورٹی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی، سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کیلئے تیزی سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، انسداد منشیات اور بارڈر سکیورٹی کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔ اس موقع پر سری لنکن ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی