وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ سردیوں میں گیس کی جگہ بجلی استعمال کریں۔ وزیر توانا ئی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی سستی ہونے سے گھریلو اور صنعتی صارفین کو فائدہ ہوگا، بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ این ٹی ڈی سی کی وجہ سے ترسیلی نظام درست نہیں تھا۔ این ٹی ڈی سی کو تین کمپنیوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے سردیوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ کی جانب اشارہ دیتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا کہ سردیوں میں گیس کی جگہ بجلی استعمال کریں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کے نئے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا، بجلی کی خرید و فروخت کا باضابطہ لائحہ عمل بنایا جائے گا۔وزیر توانائی نے کہا وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز کہا تھا کہ حکومت نے سردیوں کے 3 ماہ بجلی کے نرخ کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دسمبر، جنوری اور فروری میں بجلی کے نرخ میں خاطرخواہ کمی کی جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی