i پاکستان

سپریم کورٹ، سندھ ہائی کورٹ اور لاہور بار کی یحیی آفریدی کو چیف جسٹس نامزدگی پر مبارکبادتازترین

October 23, 2024

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، سندھ ہائی کورٹ بار اور لاہور بار ایسوسی ایشن نے جسٹس یحیی آفریدی کو سپریم کورٹ کا نیا چیف جسٹس نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد شوکت نے کہا ہے جسٹس یحیی آفریدی بہترین ججوں میں سے ایک ہیں، یہ تقرری مروجہ آئینی طریقہ کار کے مطابق ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کچھ دوست قوم کو ہیجان میں مبتلا رکھنا چاہتے ہیں، ہر چیز کومتنازعہ بنانے کی کوشش کیوں کی جاتی ہے؟ آئینی ترمیم ہوگئی، اس میں مزید بہتری لائی جا سکتی تھی۔ سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی نے بھی جسٹس یحیی آفریدی کو پاکستان کے اگلے چیف جسٹس نامزد ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی تقرری عدلیہ اور ملک بھر کیلئے بے حد سودمند ثابت ہوگی۔ جاری اعلامیہ میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی نے مزید کہا کہ جسٹس آفریدی نہ صرف مثالی انسان ہیں بلکہ ممتاز قانون دان بھی ہیں، جو اپنی بصیرت اور قانونی فہم و فراست کیلئے جانے جاتے ہیں۔سندھ ہائی کورٹ بار کا کہنا تھا کہ قانون پر عبور اور انصاف کیلئے سنجیدگی جسٹس یحیی آفریدی کو اس اہم منصب کیلئے بہترین امیدوار بناتی ہے۔ادھرلاہور بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی جسٹس یحیی آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا گیا۔ جاری بیان میں لاہور بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی نے آئینی اختیار کا استعمال کرتے ہوئے دو تہائی اکثریت سے جسٹس یحیی آفریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کیا۔اپنے بیان میں لاہور بار کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ نئے آنے والے چیف جسٹس اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیوں سے ملک کیلئے اور نظام عدل کیلئے موزون ثابت ہوں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی