i پاکستان

سوشل میڈیا پر غلط خبریں دینے والے ہوشیار ہوجائیں، پیکا قانون کو مزید سخت اور موثر بنائیں گے،رانا ثنا اللہتازترین

May 23, 2024

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر غلط خبریں دینے والے ہوشیار ہوجائیں کیونکہ حکومت نے پیکا قانون میں ترمیم کرکے سوشل میڈیا کا غلط استعمال روکنے کا فیصلہ کرلیا ہے، بات خواجہ سرائوں تک پہنچ گئی، پی ٹی آئی پتہ کرے کہ خواجہ سرا کون تھے۔ایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے حکومتی کمیٹی پیکا قانون میں ترامیم کرکے پیکا قانون کو مزید سخت اور موثر بنائے گی۔رانا ثنا کا کہنا تھا کہ پیکا قانون کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے کمیٹی بات چیت کیلئے تیار ہے۔ رانا ثنا اللہ نے اپوزیشن کو بھی دعوت دی کہ وہ کمیٹی میں حکومت کے ساتھ بیٹھیں۔ رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی رہنما روف حسن پر ہونے والے حملے سے متعلق کہا کہ جب بات خواجہ سرائو ں تک پہنچ گئی ہے تو پھر سیاستدانوں کو بیٹھ کر سوچنا چاہیے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی پارلیمنٹ میں نمائندگی ہے، یہ پتہ کریں خواجہ سرا کون تھے۔ مدعی بھی تفتیش کا حصہ ہوتا ہے، مدعی ثبوت فراہم کرتا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت رہی ہے، ان کو پتہ ہے کہ یہ کام کیسے ہوتا ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سبق سیکھ لیا ہے تو سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے سبق سیکھا تو میثاق جمہوریت پر دستخط کیے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمارے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں لیکن دوسری طرف بیٹھنے کو تیار ہے۔ یہ مسئلے سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھنے کے بغیر حل نہیں ہوں گے۔21 اکتوبر کو نواز شریف نے قوم کے سامنے کہا کہ مسائل کا ایک ہی حل ہے تمام سر جوڑ کر بیٹھیں۔لیگی رہنما نے کہا کہ اب اور گنجائش نہیں محاذ آرائی ختم کریں اور آگے بڑھیں، جب ہم اپوزیشن میں تھے ہمارے حق میں فیصلوں پر یہ ججوں پر تنقید کرتے تھے۔ جہاں فیصلے ہونے ہیں وہاں بھی تقاریر اور جہاں قانون سازی ہونی ہے وہاں بھی تقاریر ہورہی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی