انٹرنیشنل لائرز فورم(آئی ایل ایف) کے صوبائی صدر قاضی انور نے سینیئر وکیل معظم بٹ کے خلاف 500 ملین روپے ہرجانے کا کیس پشاور کی ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں دائر کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق قاضی انور کا موقف ہے کہ معظم بٹ نے ان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے، جس سے ان کی ساکھ اور عزت کو شدید نقصان پہنچا۔انہوں نے الزام لگایا کہ معظم بٹ نے ان پر ایڈووکیٹ جنرل آفس سے مبینہ طور پر بھتہ وصولی، صوبائی حکومت سے مالی فائدہ حاصل کرنے اور حکومتی امور میں مداخلت جیسے سنگین الزامات لگائے۔قاضی انور نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان الزامات کے باعث ان کی پیشہ ورانہ اور سماجی حیثیت متاثر ہوئی، جس کا ازالہ 500 ملین روپے ہرجانے کی صورت میں کیا جائے۔عدالت نے درخواست وصول کر لی ہے اور کیس کی سماعت کے لیے آئندہ تاریخ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی