سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر میں بارشوں اور اس سے جاں بحق افراد کی تعداد 402 ہوگئی ہے، جب کہ صوبے میں بارشوں سے 860 ارب کا نقصان ہوا ہے۔ بارشوں اور اس کے بعد بننے والی صورت حال سے ہونے والے نقصانات کا ڈیٹا شیئر کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے بتایا کہ صوبے میں بارشوں سے 860 ارب کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ جب کہ اس دوران تقریبا 15 لاکھ مکانات متاثر ہوئے جن کی لاگت 450 ارب ہے۔ شرجیل میمن کا یہ بھی کہنا تھا کہ بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 11734 مویشی ہلاک ہوئے جن کی مالیت 903.96 ملین ہے، جب کہ 3171726 ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوئیں، ان تباہ ہونے والی فصلوں کی مالیت335.44 ارب روپے ہے۔ شیئر کیے گئے ڈیٹا کے مطابق متاثرہ علاقوں میں متاثرین کیلئے 10لاکھ خیموں اور 30 لاکھ مچھر دانیوں کی ضروت ہے، تاہم سندھ حکومت نے اب تک 95770 خیمے اور 163295 مچھر دانیاں لوگوں کو فراہم کی ہیں۔ متاثرین میں 52000 راشن بیگ بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔
کریڈٹ:انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی