i پاکستان

سندھ کی سرکاری جامعات میں تدریسی عمل چھٹے روز بھی معطل رہاتازترین

January 23, 2025

ترمیمی ایکٹ کے خلاف انجمن اساتذہ نے طلبہ اور والدین کو احتجاج میں شمولیت کی دعوت دے دی ہے، اور کہا ہے کہ یہ وقت تعلیم حاصل کرنے کا نہیں، بلکہ تعلیم کے تحفظ کا ہے۔سندھ کی سرکاری جامعات میں ترمیمی ایکٹ کے معاملے پر تدریسی عمل چھٹے روز بھی معطل رہا،جمعرات کو بھی سندھ بھر کی جامعات میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔اساتذہ نے طلبہ و طالبات اور والدین کے نام ایک کھلا خط جاری کر دیا ہے، جس میں انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے طلبہ و طالبات اور والدین کو مہم میں شامل ہونے کی دعوت دے دی ہے۔ یہ خط سیکریٹری انجمن اساتذہ جامعہ کراچی ڈاکٹر معروف بن رف کی جانب سے سندھ بھر کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے نام جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بیوروکریٹس کو وائس چانسلر کے طور پر تعینات کرنے سے نظام تعلیم کم زور ہوگا، سرکاری جامعات کا معیار کم زور ہوا تو طلبہ مجبورا نجی جامعات کا رخ کریں گے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ این او سی کی غیر ضروری شرط کی وجہ سے نہ صرف تعلیم مہنگی ہوگی بلکہ یہ تحقیقی سرگرمیوں کو کم زور کر دے گی، مالی بحران جنم لیں گے اور جامعات اس کا بوجھ طلبہ پر ڈالیں گی، یہ وقت تعلیم حاصل کرنے کا نہیں بلکہ اپنی تعلیم کے تحفظ کا وقت ہے۔انھوں نے کہا سب نے مل کر جدوجہد نہ کی تو جامعات بھی اسکولوں، کالجز اور تعلیمی بورڈ کی طرح غیر معیاری بن جائیں گی، طالب علم اپنے دوستوں، رشتہ داروں اور کلاس روم میں اس بات کو اجاگر کریں، سوشل میڈیا پر اساتذہ کے ساتھ اظہار یک جہتی کریں، اور والدین اور اساتذہ احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی