i پاکستان

سندھ کی جیل سے رہائی کے بعد علی امین اپنے قائد سے ملنے زمان پارک پہنچ گئےتازترین

May 06, 2023

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کا جیل سے رہائی کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کو جمعرات کے روز سندھ کے ضلع سکھر کی جیل سے رہا کیا گیا جس کے بعد وہ پارٹی سربراہ عمران خان سے ملاقات کے لئے ایک قافلے کی صورت میں لاہور کے لئے روانہ ہوئے اور رات کے وقت سابق وزیر اعظم کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچے۔علی امین گنڈا پور کے زمان پارک پہنچنے پر وہاں موجود پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک دلچسپ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں علی امین گنڈا پور کو عمران خان سے ملاقات کے دوران ان کے پہلو میں بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے اور اس دوران پارٹی کارکنان ان کو پھولوں کے ہار پہنا رہے ہیں اور ان پر پتیاں بھی نچھاور کررہے ہیں۔ویڈیو میں عمران خان کو بھی اس موقع پر مسکراتے ہوئے علی امین گنڈا پور پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں میں ہوتا ہے اور وہ 2018 کے عام انتخابات میں جمعیت علما اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو شکست دے کر قومی اسمبلی کے ممبر بنے تھے۔یاد رہے کہ عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں آپریشن اور ان کی جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں حاضری کے بعد علی امین گنڈا پور کو ملک کے مختلف شہروں میں مختلف مقدمات کا سامنا کرنا پڑا۔عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے علی امین گنڈا پور پر مقدمات قائم کرنے کی مذمت بھی کی اور کیسز کو حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے قرار دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی