i پاکستان

سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں لیں گے، رانا ثنااللہتازترین

April 19, 2025

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اس بات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ ہم سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی لیں ، نہروں کا معاملہ پیپلزپارٹی کے ساتھ حل ہو جائے گا، سندھ میں نام نہاد قوم پرست جماعتیں پیپلز پارٹی کو ہدف بنا رہی ہیں۔ایک انٹرویو میں رانا ثنااللہ نے بلاول بھٹو کے خطاب پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پنجاب اور سندھ میں بنجر زمینوں کو زرخیز تو کرنا ہے۔ پی پی کے ساتھ آن بورڈ ہونگے ملک اور دونوں صوبوں کیلئے بہتر راستہ نکالیں گے۔انہوں نے کہا کہ گرین انیشیٹو منصوبے کو ہم نے ہی لاناہے اور عمل درآمد بھی کرنا ہے، نہروں کاکوئی جھگڑا نہیں، ان نام نہاد قوم پرست جماعتوں کواہمیت نہیں دیں گے، پیپلزپارٹی کے ساتھ بیٹھ کر مسئلہ حل کرلیں گے۔ پی ٹی آئی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی بیٹھ کر بات کرے ورنہ پھر ہم سے شکایتیں نہ کرے، ہماری باری ہے خراب کرنے کی لیکن ہم بات خراب نہیں کررہے۔

انہوں نے کہا کہ اس خرابی میں ان کا اپنا بھی عمل دخل ہے، دوسری طرف لوگوں کو بھی شکوہ ہے، جیل والوں کا بھی شکوہ ہے پی ٹی آئی کا ایک لیڈر کیسے پولیس والوں کو گالیاں دیتا ہے۔جیل کے باہر جو ماحول بنا ہوا ہے اس سے ہم خوش نہیں ہیں، متعلقہ آفیشلز کو گالیاں دینگے تضحیک کرینگے تو وہ بھی جواب دیں گے، پی ٹی آئی والے اسلام آباد ہائیکورٹ جائیں اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھی بلائیں۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو مسئلہ پیدا کیا ہے یہ ان کا اپنا پیدا کردہ ہے، عدالت نے کہا کہ6لوگ بانی پی ٹی آئی سے مل سکتے ہیں جو ملاقاتیں ہوتی ہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کرانے میں جیل سپرنٹنڈنٹ اور عملہ ہی بااختیار ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ کو بلاکر پوچھنا چاہیے کہ ملاقاتوں میں رکاوٹ کیوں ہے؟

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی