سندھ اور پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں سورج آگ برسانے لگا،شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔بڑھتی ہوئی شدید گرمی کی لہر نے ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، دن کے وقت درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور پنجاب میں 23 اور 27 مئی کے دوران درجہ حرارت 06 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا، درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیا ت کا کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتراضلاع میں موسم شدید گرم، ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب رہے گا، درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ ادھر خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ میدانی اضلاع میں موسم شدید گرم رہے گا، درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ باجوڑ، مہمند، اورکزئی میں چند مقامات پر تیز ہوائیں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم گرم اور خشک رہے گا، کشمیر اور گلگت بلتستان کا درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔طبی ماہرین نے ہیٹ ویو سے بچاو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے دوران ہیٹ ویو سے بچنا نہایت ضروری ہے کیونکہ یہ لو لگنے کا سبب بن سکتی ہے، شہری غیر ضروری گھر سے باہر ہرگز نہ نکلیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی