i پاکستان

سندھ ہائیکورٹ نے حکم امتناع واپس لے لیا، فور منصوبے پر کام کی اجازت دے دیتازترین

February 06, 2025

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کو فراہمی آب کے منصوبے کے فور کے راستے میں آنے والی زمین سے متعلق مولا بخش اور دیگر کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے حکم امتناع واپس لے کر کے فور منصوبے کیلیے کام کی اجازت دے دی۔ سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کو فراہمی آب کے منصوبے کے فور کے راستے میں آنیوالی زمین سے متعلق حکم امتناع واپس لے لیا۔دوران سماعت بیرسٹر ولید خانزادہ نے موقف اپنایا کہ حکم امتناع کی وجہ سے کراچی کو پانی کی فراہمی کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہے۔درخواست گزار کی وکیل فریدہ منگریو ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ حکومت نے جو زمین لینی ہے اس کے لیے تمام قوانین پر عملدرآمد کیا جائے، دیہہ اللہ پیمائی تعلقہ شاہ مرید میں 4 ایکڑ زمین کا تنازع ہے، اس زمین کے حکم امتناع کی وجہ سے پروجیکٹ میں تاخیر کا بہانہ جھوٹا ہے، کے فور پراجیکٹ کے متعلق حکومتی پالیسیاں واضح نہیں ہیں۔فریدہ منگریو ایڈووکیٹ نے کہا کہ منصوبے کیلئے پہلے فنڈز نہیں تھے پھر واپڈا کے حوالے کردیا گیا، 2014کو ایک نوٹیفکیشن جاری ہوتا ہے اور 2017میں اسکی تصحیح کی جاتی ہے۔جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دئیے کہ اگر حکم امتناع کے باوجود کام جاری ہے تو توہین عدالت کی درخواست دائر کریں، تھوڑی سی زمین کیلیے عوامی اہمیت کے حامل منصوبے کو نہیں روکا جاسکتا، عدالت نے مولا بخش سمیت دیگر کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے کے فور منصوبے کیلیے کام کی اجازت دے دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی