i پاکستان

سندھ ہائیکورٹ ، لاپتہ شہریوں سے متعلق رپورٹس ٹرائل کورٹ میں پیش کرنے کی ہدایت، بازیابی سے متعلق درخواستیں نمٹا دی گئیںتازترین

November 02, 2024

سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ شہریوں سے متعلق رپورٹس ٹرائل کورٹ میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں۔سندھ ہائی کورٹ میں 2015 سے لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران عدالت نے استفسارکیا کہ لاپتا شہری کون تھا کیا کام کرتا تھا؟۔شہری کے والد نے جواب دیا کہ میرا بیٹا حبیب خان عالم دین اور حافظ قرآن تھا، نامعلوم افراد اٹھا کر لے گئے تھے، 9 سال ہوچکے ہیں میرے بیٹے کا کوئی سراغ نہیں لگایا گیا۔تفتیشی افسرنے جواب دیا کہ شہری 2015 سے لاپتہ ہوا جبکہ مقدمے کا اندراج دو برس بعد کروایا گیا، حراستی مراکزاوردیگر اداروں نے جواب دیا ہے کہ شہری ان کی حراست میں نہیں ہے، تفتیش سے معلوم ہوا کہ حبیب خان کا دماغی توازن بھی ٹھیک نہیں تھا۔عدالت نے استفسارکیا کہ شہری کا کوئی کرمنل ریکارڈ تھا؟ تفتیشی افسرنے جواب دیا کہ شہری کے خلاف سات مقدمات درج ہیں جن میں ایک قتل کا مقدمہ بھی شامل ہے۔ شہری کے والد نے کہا کہ میرے بیٹے کے خلاف جعلی مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے، میرے بیٹے نے ایسا کوئی جرم نہیں کیا۔سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ شہری کا سراغ لگا کرگرفتارکرنے کا حکم دیتے ہوئے دونوں گمشدہ شہریوں کے کیس کو ماتحت عدالت بھیج دئیے۔عدالت نے لاپتہ شہریوں سے متعلق رپورٹس ٹرائل کورٹ میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے لاپتہ شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی