وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ سکھر سے حیدرآباد موٹروے کی تکمیل میری ترجیح ہے جبکہ اسلام آباد سے گلگت اور سکردو تک موٹروے پہنچائیں گے۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں پٹرولنگ آفیسرز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ حلف اٹھانے کے بعد دو تین ترجیحات بنانے کی کوشش کی۔ سکھر سے حیدرآباد تک موٹروے رہتی ہے، سکھر سے حیدرآباد موٹروے کی تکمیل میری ترجیح ہے۔وفاقی وزیرمواصلات کا کہنا تھا کہ ناردرن علاقوں کیلئے بھی موٹروے بنانا چاہتے ہیں، اسلام آباد سے گلگت، اسکردو تک موٹروے پہنچائیں گے، موٹروے کی تکمیل علاقے کیلئے گیم چینجر ہوگی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ موٹروے کیلئے کام کرنے والے بھی خراج تحسین کے مستحق ہیں، کبھی کسی نے نہیں کہا موٹروے پولیس کے افسر نے رشوت مانگی، موٹروے پولیس نے قوم کا سرفخر سے بلند کیا، موٹروے پر آنے والے لوگ ایمانداری سے اپنا چالان اداکرتے ہیں، کبھی کسی نے پیسے موٹروے کے افسر کو دینے کی کوشش نہیں کی۔ امید ہے یہی روایت دیگر اداروں میں بھی بڑھاسکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پاس آئوٹ نوجوانوں کیلئے آج بہت بڑا دن ہے، پاسنگ آئوٹ میں شریک تمام لوگوں کو سلام اور مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ نے اپنے حلف کو بھی یاد رکھنا ہے،وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے موٹروے کے 289افسران کو ایک ماہ کی تنخواہ انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔واضح رہے کہ تربیت مکمل کرنے والے 189موٹروے پولیس افسران پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شریک ہوئے جبکہ ایف آئی اے کے 100اہلکار بھی پاس آئوٹ ہونے والوں میں شامل تھے، پاس آئوٹ ہونے والوں میں 26خواتین بھی شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی