سکھر میں مہر اور جتوئی برادری کے درمیان تنازع کے خاتمے کیلئے7 افراد کا قتل ثابت ہونے پر دونوں قبائل پر 2 کروڑ 20 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا گیا۔ مہر اور جتوئی برادری کے درمیان تنازع کے خاتمے کیلئے سکھر کے سرکٹ ہائوس میں جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں سردار علی گوہر مہر ،غوث بخش مہر، ابراہیم جتوئی اور میر عابد جتوئی سمیت دونوں برادریوں کے معززین نے شرکت کی۔ جرگے میں مہر برادری کی خاتون سمیت 5 افراد کا قتل ثابت ہونے پر جتوئی برادری پر مرد خون بہا 25 لاکھ اور خاتون کا 50 لاکھ مقرر کیا گیا جب کہ مجموعی طور ایک کروڑ 50 لاکھ جرمانہ عائد ہوا۔جرگے میں مہر برادری پر جتوئی عورت کے اغوا کا جرمانہ 20 لاکھ عائد کیا گیا جب کہ جتوئی برادری کے 2 افراد کا قتل ثابت ہونے پر مہر برادری پر 50 لاکھ کا جرمانہ عائد کیا گیا، یوں 7 افراد کا قتل ثابت ہونے پر دونوں قبائل پر 2 کروڑ 20 لاکھ جرمانہ عائد کردیا گیا۔جرگے میں حکم دیاگیا کہ فیصلے کی خلاف ورزی کرنے یا جھگڑے میں پہل کرنے پر 25 لاکھ جرمانہ ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی