وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ رواں موسم سرما میں بے گھر لوگوں کو چھت فراہم کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے، سپارس اور مینزیز ایوی ایشن گروپس کی طرف سے ٹانک میں سیلاب متاثرین کے لیے 100 گھروں کے عطیہ پر مشکور ہوں۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے، حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور موسم سرما میں چھتوں کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ مخیر حضرات سے گزارش ہے کہ بڑھ چڑھ کر حکومت کا ساتھ دیں، ہمیں اس مشکل وقت میں اپنے بہن بھائیوں، بچوں اور بزرگوں کو قطعا اکیلا نہیں چوڑنا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی