سندھ پولیس کی جانب سے سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی کی گمشدگی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں جواب جمع کرادیا گیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور دیگرکی بازیابی کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ آئی جی سندھ کی جانب سے رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں پیش کی گئی، سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ محمد خان بھٹی اور ان کے ساتھیوں کو گرفتار نہیں کیا گیا، محمد خان بھٹی سندھ کے کسی بھی تھانے میں زیر حراست نہیں ہیں۔ وفاقی حکومت اور رینجرز پراسیکیوٹر نے جواب جمع کرانے کے لیے عدالت سے مہلت مانگ لی۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ ایان میمن ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ سندھ پولیس کو محمد خان بھٹی کو تلاش کرنے کا پابند کیا جائے۔ درخواست محمد خان بھٹی کے داماد عمر افتخار بھٹی ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے جس میں کہا گیا ہیکہ محمد خان بھٹی 6 فروری کو مٹیاری کے قریب سے غائب ہوئے، اندیشہ ہے کہ محمد خان بھٹی کو حکومت کے اداروں نیگرفتار کیا ہے، محمد خان بھٹی پر تشدد کا اندیشہ ہے، عدالت میں فوری پیش کرنیکا حکم دیا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی