i پاکستان

سیکرٹری خوراک پنجاب نے کرپشن، نااہلی اور فرائض میں سنگین غفلت پر 20 افسران معطل کردیئےتازترین

May 21, 2024

پنجاب کے وزیر خوراک بلال یاسین کی ہدایت پر محکمہ خوراک پنجاب میں احتساب کا عمل تیز کردیا گیا۔ سیکرٹری خوراک پنجاب نے کرپشن، نااہلی اور فرائض میں سنگین غفلت پر 20 افسران معطل کردیے۔ متعلقہ افسران نے فلور ملز پر غیر معیاری گندم کی موجودگی پر ایکشن نہیں لیا تھا۔معطل ہونے والوں میں شیخورپورہ، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، خوشاب، بھکر، بہاولنگر، راولپنڈی اور گوجرخان کے افسران شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور گوجرخان سے 6 اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز کو معطل کیا گیا۔ فیصل آباد، جھنگ اور بہاولنگر میں 7 فوڈ گرین انسپکٹرز کے خلاف کارروائی کی گئی۔سرگودھا، خوشاب اور بھکر سے 3 اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز، 3 فوڈ گرین انسپکٹرز اور ایک جونئیر کلرک معطل کیا گیا۔وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ افسران کے خلاف کرپشن، نااہلی اور فرائض کی انجام دہی میں غفلت پر کارروائی کی گئی۔ محکمے میں نا اہل، کرپٹ اور فرائض میں کوتاہی برتنے والوں کی کوئی جگہ نہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی