سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ سیاسی صورتحال تباہی و بربادی کی طرف جا رہی ہے، حکومت جو قدم بھی اٹھاتی ہے، اسے ہی نقصان ہوتا ہے اور اس کا فائدہ بانی پی ٹی آئی کو پہنچ رہا ہے۔تفصیل کے مطابق لال حویلی کی ملکیت کے معاملے پر سابق وفاقی وزیر شیخ رشید سیکرٹری وزارت مذہبی امور ذولفقار حیدر کے دفتر میں پیش ہوئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ لال حویلی ہماری ملکیت ہے ،ہائیکورٹ نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا ہے، مجھے نوٹس ملا کہ میں سیکریٹری مذہبی امور کے پاس حاضر ہوجائوں۔انہوں نے کہا کہ مجھے ساڑھے 9 بجے بلایا گیا لیکن سیکر یٹری مذہبی امور موجود نہیں ہیں، لال حویلی میرے بھائی کے نام ہے اور میری وہاں رہائش ہے، سمجھ نہیں آ رہی کہ انہوں نے کیوں نوٹس دیا گیا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لال حویلی پونے 3 مرلے ہے، اور 19 گھر اس کے پیچھے ہیں، لیکن ہمیں بے دخل کیا جاتا ہے ۔اب بھی ہم ہائی کورٹ جائیں، جب کسی کی عقل پر پردے پڑ جاتے ہیں تو پھر کیا ہوتا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے 2 بار لال حویلی ڈی سیل کرائی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عوام بہت تنگ ہیں، بجلی کے بل زہر قاتل کی طرح لڑ گئے ہیں، حکومت خود عوام کو سڑکوں پر آنے پر مجبور کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے سے کچھ نہیں ہوگا، پہلے نشان چھینا گیا، پھر بانی پی ٹی آئی پر پابندی لگائی گئی، الیکشن سے پہلے بانی پی ٹی آئی کوسزائیں سنائی گئیں، پھر بھی عوام نے ووٹ دیا، یہ جو قدم بھی اٹھاتے ہیں ان کو ہی نقصان پہنچتا ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان کے ہر فیصلے کا فائدہ بانی پی ٹی آئی کو ہوتا ہے، سیاسی صورتحال تباہی و بربادی کی طرف جا رہی ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی