وزیراعظم کے مشیر اور پی پی رہنما قمرزمان کائرہ نے دو ٹوک موقف میں کہا ہے کہ شرط رکھ کر فیصلہ کرائیں تو یہ کسی صورت قبول نہیں ہوگا۔ بدھ کو وزیراعظم کے مشیر اور پی پی رہنما قمرزمان کائرہ نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج تحریک انصاف کا حق ہے لیکن احتجاج کے علاوہ کوئی اور کام کریں گے تو قبول نہیں ہوگا۔ قمرزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ احتجاج کی آڑ میں کسی او ر کام کی اجازت قانون بھی نہیں دیتا، جمہوریت ڈائیلاگ کے ذریعے آگے بڑھتی ہے۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ تلخی عمران خان کی مسلسل تنقید سے بڑھ گئی ہیں، شرط رکھ کر فیصلہ کرائیں تو یہ کسی صورت قبول نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ شرائط کے ساتھ ڈائیلاگ نہیں ہوتے اس پر ہمارے تحفظات ہیں، عمران خان شرائط ختم کردیں تو مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ قمرزمان کائرہ نے مزید کہا کہ دھمکی،دھونس،گالی سے مطالبات نہیں منوائے جاتے، مارشل لاکی دھمکیاں دیکر راستہ نکال لیں گے تو ان کی بھول ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی