i پاکستان

شوکت یوسفزئی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ کر کے واپس بھیج دیاتازترین

July 08, 2024

ایف آئی اے نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی کو برطانیہ جانے سے روک دیا۔ سابق صوبائی وزیر اور رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی کو ایک بار پھر اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ کر دیا گیا، وہ ترکش ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے براستہ ترکی مانچسٹر (برطانیہ)جا رہے تھے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے شوکت یوسفزئی کو روکا اور بتایا کہ نہ صرف آپ پر بیرون ملک سفر پر پابندی ہے، پہلے آرڈر میں آپ کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے بلکہ دوسرے آرڈر میں آپ کی گرفتاری کا بھی حکم موجود ہے، تاہم بعد ازاں انہیں آف لوڈ کر کے واپس بھیج دیا گیا۔ واضح رہے کہ شوکت یوسفزئی کو ترکش ایئرلائن نے بورڈنگ کارڈ بھی جاری کر دیا تھا۔ شوکت یوسفزئی کے مطابق وہ اپنی بیٹی سے ملاقات کرنے مانچسٹر جا رہے تھے، ان کے خلاف شانگلہ کے کروڑا تھانہ میں جنوری میں عمرہ پر جانے سے روکنے کیلئے ایک ایف آئی آر درج کی گئی تھی جس کے بعد عدالت نے انہیں ضمانت بھی دے دی تھی، تاہم وفاقی حکومت نے تاحال ان کا نام ای سی ایل سے نہیں ہٹایا۔ ای سی ایل سے نام نہ ہٹائے جانے کی وجہ سے انہیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر روک کر ڈیڑھ گھنٹے سے زائد دیر تک بٹھانے کے بعد آف لوڈ کر کے واپس بھیج دیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی