شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے میجر محمد اویس کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کے مطابق 26 دسمبر 2024 کوشمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد اویس شہید کی نماز جنازہ میران شاہ میں ادا کر دی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں اور عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میجر محمد اویس شہید کے جسد خاکی کو آبائی علاقے نارووال روانہ کردیا گیا جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے جڑ سے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد اویس کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجر محمد اویس نے وطن کے امن کی خاطر اپنی جان قربان کی، شہید میجر محمد اویس کی بہادری پر فخر ہے، قوم کا بہادر سپوت وطن پر قربان ہو کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گیا۔محسن نقوی نے کہا کہ میجر محمد اویس نے بہادری سے خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کا بلند رتبہ پایا، شہید میجر محمد اویس کی عظیم قربانی کو قوم سلام پیش کرتی ہے، شہید میجر محمد اویس کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید میجر محمد اویس کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا، انہوں نے شمالی وزیرستان میں 13 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تحسین پیش کیا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی