i پاکستان

شام کے جولان علاقے پر اسرائیل کا قبضہ غیر قانونی ہے، عاصم افتخارتازترین

April 11, 2025

پاکستان نے عالمی برادری سے شام میں اسرائیلی جارحیت روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام کے جولان علاقے پر اسرائیل کا قبضہ غیر قانونی ہے، حملوں میں شہریوں کی ہلاکت امن وسلامتی کیلئے خطرہ ہے۔یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔عاصم افتخار نے اس حوالے سے موثر اقدام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فضائی حملے علاقائی و بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہیں، ایسے اقدامات شام کی سیاسی استحکام اور قومی مفاہمت کی کوششوں کو مزید نقصان پہنچاتے ہیں۔عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل کو غیر قانونی فوجی اقدامات کی اجازت نہیں دینی چاہیے، اسرائیلی اقدامات کے وسیع تر علاقائی اثرات پر بھی شدید تشویش ہے، اس قسم کی بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی بڑے تصادم کو جنم دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسل کو فیصلہ کن اقدام کرنا چاہیے اور جواب دہی یقینی بنانی چاہیے، شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے، شام میں پائیدار امن ایک جامع سیاسی منتقلی، قومی اتحاد اور مفاہمت سے مشروط ہے۔عاصم افتخار نے مزید یہ بھی کہاکہ اسرائیلی حملوں کے انسانی نتائج تباہ کن ہوسکتے ہیں، 1 کروڑ 60 لاکھ سے زائد افراد انسانی امداد کے محتاج ہیں، ایسے میں شہری علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کونشانہ بنانا بحران کو مزید گہراکریگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی