ملک بھر کی صحافتی تنظیموں نے معروف صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کی شہادت پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے،صدر سی پی این اے کاظم خان نے ارشد شریف کے قتل کو انتہائی افسوسناک اور ناقابل یقین واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک اختلافی آواز آج ہمیشہ کے لئے خاموش ہوگئی، اختلاف رائے اور اپنے موقف پہ ڈٹ جانا ارشد شریف کی خاصیت تھا،ارشد شریف کے قتل کے معاملے کو سفارتی سطح پر اٹھایا جائے اور مکمل تحقیقات کرائی جائے تاکہ اصل محرکات واضح ہو سکیں، حکومت فوری طور پر مرحوم کے جسد خاکی کو واپس لانے کا اہتمام کرے، اس حکومت سے کوئی بھی توقع عبث ہے مقتدر حلقے میت کی واپسی میں کوششیں کریں،کاظم خان نے مرحوم کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ تعالی ارشد شریف کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے،دوسری جانب پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے، اینکر پرسن ارشد شریف کی فیملی سے اظہار تعزیت کرتے ہیں،جبکہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(پی ایف یوجے)نے صحافی ارشد شریف کے قتل کیخلاف سوگ کا اعلان کرتے ہوئے قاتلوں کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کر دیا،صدر پی ایف یو جے ورکرز پرویز شوکت نے کہا کہ ارشد شریف اپنے پیشہ سے ذمہ داری کے ساتھ منسلک تھا، وہ انویسٹی گیٹنگ جرنلسٹ تھا، ارشد شریف ہمیشہ حق وسچ کی بات کرتا تھا، کارکن 3 دن تک کالی پٹیاں باندھ کر تعزیتی اجلاس منعقد کرائیں، انٹرنیشنل یونین آف جرنلسٹس تحقیقات میں کردار ادا کرے،صدر پی ایف یوجے افضل بٹ نے کہا کہ پورا پاکستان دکھ کی کیفیت میں ہے، کینیا کا واقعہ ارشد شریف کا نہیں پاکستان میں صحافت کا قتل ہے، ارشد شریف کے قاتلوں کی گرفتاری تک صحافی برادری چین سے نہیں بیٹھے گی، تمام صحافتی تنظیمیں واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہیں،سیکرٹری جنرل پی ایف یوجے راناعظیم کی جانب سے کہا گیا کہ ارشد شریف کے قتل کی صاف و شفاف تحقیقات ہونی چاہیے، ارشد شریف کے ساتھ کام کیا، وہ خبر کو سمجھ کر بھیجتا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی