i پاکستان

صحافی نصر اللہ گڈانی قتل کیس،ٹرائل کورٹ کی رپورٹ عدالت میں پیشتازترین

August 16, 2024

گھوٹکی کے صحافی نصراللہ گڈانی قتل کیس میں پولیس نے عبوری چالان سندھ ہائی کورٹ میں پیش کردیا۔گھوٹکی کے صحافی نصراللہ گڈانی قتل کیس میں مقتول کی والدہ کی تحفظ فراہمی کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، نصر اللہ گڈانی کی والدہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ دوران سماعت عدالت عالیہ نے کیس سے متعلق ٹرائل کورٹ کی رپورٹ طلب کرلی، عدالت نے کہا کہ بتایا جائے کیس میں اب تک چالان جمع ہوچکا ہے یا نہیں؟ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ( ایس ایس پی )گھوٹکی کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ ایس ایس پی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ کیس کا عبوری چالان عدالت میں پیش کردیا گیا ہے، کیس کا حتمی چالان اسکروٹنی مراحل میں ہے۔ 24 مئی کو صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے صحافی نصراللہ گڈانی کراچی میں علاج کے دوران دم توڑ گئے تھے۔ صحافی نصراللہ گڈانی پر گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو میں فائرنگ کی گئی تھی، فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔ 28 مئی کو صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کے صحافی نصراللہ گڈانی کے قتل کا مقدمہ ان پر حملے کے آٹھویں روز درج کر لیا گیا تھا۔ قتل کا مقدمہ صحافی نصراللہ گڈانی کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ میرپورماتھیلو میں 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی