i پاکستان

صدر،وزیر اعظم اور وزیرداخلہ کا ضلع کیچ میں 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیشتازترین

April 05, 2025

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں کارروائی میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے 2 دہشتگرد جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے انٹیلیجنس پر مبنی کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا، صدر مملکت نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں۔آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہے، صدر مملکت نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں 2 خارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کے نڈر افسران اور جوانوں پر فخر ہے، انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں سے ہماری جنگ جاری رہے گی۔دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیچ کے علاقے بلیدہ میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے آپریشن کے نتیجے میں 2 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی، محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی پوری قوم معترف ہے، بلوچستان میں قیام امن کیلئے پوری قوم سکیورٹی فورسزکے ساتھ کھڑی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی