صدر مملکت آصف علی زرداری اور و زیر اعظم شہبازشریف نے شمالی وزیرستان میں آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 6 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین کیا ہے ۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے انٹیلی جنس پر مبنی کاروائی کے دوران فتنة الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا ہے ۔ صدر مملکت نے کاروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کو خراجِ عقیدت پیش کیا اورانکی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کی تعریف کی ہے ۔صدر مملکت نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا اور صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی ۔دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا، صدر مملکت نے فتنة الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا ۔
دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحرک ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 6 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے خارجیوں کے خلاف کارروائی میں میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے شہدا کی بلندی درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر کی دعا دی۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کے بیٹوں کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملائیں گے، حکومت اور سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحرک ہیں۔واضح رہے کہ 29 اور 30 جنوری کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خارجی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 6 خارجی دہشت گرد جہنم واصل ہوگئے، دہشت گردوں سے جھڑپ کے دوران میجر حمزہ اسرار اور سپاہی محمد نعیم شہید ہوئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی