i پاکستان

صدر کراچی بار پر حملے کیخلاف سندھ ہائیکورٹ بار کی ہڑتالتازترین

April 09, 2025

صدر کراچی بار عامر وڑائچ پر حملے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ بار نے ہڑتال کرتے ہوئے عدالت عالیہ کی مرکزی عمارت کے دروازے بند کروا دئیے گئے، صرف عدالتی عملے کو داخلے کی اجازت دی گئی ۔سندھ ہائیکورٹ بار کے رہنما مرزا سرفراز احمد نے کہا کہ عامر وڑائچ کی حالت اب بہتر ہے، کراچی بار کی جنرل باڈی میں سندھ ہائیکورٹ بار بھی شریک ہوگی۔مرزا سرفراز احمد نے کہا کہ ہڑتال کے باعث پیش وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے، چیف جسٹس وکلا کے خلاف کوئی سخت آرڈر جاری نہ کریں۔واضح رہے گزشتہ روز عامر وڑائچ کا ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے دعوی کیا تھا کہ 6 لوگوں نے ان پر قاتلانہ حملہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 6 کینال کو بند کرنے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہمارا 12 اپریل کو کنونشن ہے تحریک جاری رکھیں گے۔

صدر کراچی بار پر حملے کے خلاف حیدر آباد کے وکلا نے احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ عامر وڑائچ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں، 6 کینال کے خلاف آواز اٹھانے پر ان پر حملہ کیا گیا ہے۔وکلا نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ عامر وڑائچ پر حملہ کرنے والوں کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔ پولیس کے مطابق تشدد کا واقعہ آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع ریسٹورنٹ پر پیش آیا جس دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے عامر وڑائچ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گئے ۔عامر نواز وڑائچ کا کہنا تھا کہ 12 اپریل کا وکلا کنونشن ہر صورت ہوگا اور 72 گھنٹوں میں کینال نکالنے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو پنجاب سندھ بارڈر بند کردیں گے۔دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے عامر وڑائچ پرحملے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث عناصر کو گرفتارکرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی