i پاکستان

صدر اور وزیراعظم ، وزیر داخلہ اور دیگر کا بنوں میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس،شہدا کو خراج عقیدت پیشتازترین

November 20, 2024

صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم محمد شہباز شریف ،وفاق وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر نے ضلع بنوں کے علاقے ملی خیل میں سیکیورٹی فورسز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے جوانوں کی شہادت پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔جاری مذمتی بیان میں صدر آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارج دہشتگردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر اِظہار افسوس کیا اور دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم مادر وطن کی سلامتی کیلئے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔صدر مملکت نے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے دہشتگردی کے واقعے میں شہادت پانے والے جوانوں کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ صدر مملکت نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اِظہار افسوس کیا اور صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے 6 خوارج کو جہنم واصل کیا اور اس عمل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، عوام کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والے فتنہ الخوارج کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ہماری دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ دریں اثناء وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے 12 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے شہید جوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔وطن کے امن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جوان قوم کے ہیرو ہیں،سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی،قوم شہدا کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجا ب مریم نواز، وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی، وزیر اعلی کے پی کے علی امین گنڈاپور ، وزیر اعلی سندھ مرادعلی شاہ، چارو ں صوبو ںکے گورنرز ، سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ،چئیرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزراء اور دیگر سیاسی ،سماجی و مذہبی شخصیات نے بھی بنوں میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی