صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ودیگر رہنماوں نے پولیس وین پر دہشتگردوں کے حملہ کی شدید مذمت کی ہے۔ صدر مملکت عارف علوی نے لکی مروت میں پولیس وین پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور شہدا کیلئے بلندی درجات، ورثا کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت عارف علوی نے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، قوم اپنے شہدا پر فخر کرتی ہے۔ ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی لکی مروت میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخواہ حکومت حملے میں ملوث درندوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے، خیبرپختونخواہ پولیس کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں بے مثال اور لازوال ہیں، مجھ سمیت پوری قوم شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہدا کے درجات کے بلندی کی دعا کی۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے لکی مروت میں پولیس موبائل پر دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر داخلہ نے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلی بلوچستان نے لکی مروت میں پولیس پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں 6 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ و افسوس ہے، پولیس اہلکاروں نے فرائض کی انجام دہی میں جام شہادت نوش کیا، شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں-
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی