گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر ملکی سرحدوں کیساتھ ساتھ ملکی معیشت کی بھی حفاظت کررہے ہیں،بانی پی ٹی آئی عمران خان سے درخواست ہے وہ جیل سے ہی سہی 100انڈیکس کے لاکھ ہونے پر مبارکباد کا پیغام دے دیں۔تفصیل کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان سٹاک ایکس چینج میں 100انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کی سطح عبور کرنے سٹاک ایکس چینج کا دورہ کیا اورمینجنگ ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی، اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں کرتے ہوئے کامران ٹیسوری نے کہاکہ آج خوشی کا دن ہے،ہمیں اسے منانا ہے، معاشی مشکل میں بہت اچھی خبر ملی ہے، جن پاکستانیوں کا پیسہ باہر ہے وہ اپنا پیسہ ملک میں لائیں ،پاکستانی سرمایہ کاری کریں گے تو ملک ترقی کرے گا، وزیراعظم اور عسکری قیادت نے اس کامیابی کیلئے ان تھک محنت کی،حکومت ،عسکری قیادت ،وزارت خزانہ ،کیپٹل مارکیٹ کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہاایسے مایوس کن بات نہ کریں،میرے لئے ساری سیاسی جماعتیں برابر ہیں،ان کاکہناتھا کہ معیشت پر سب کوایک ہونا ہے،تمام سیاسی جماعتیں پاکستان سٹاک ایکس چینج آکر مبارکباد دیں۔ گورنر سندھ کاکہناتھا کہ بہت سارے احکامات عمران خان جیل سے دیتے ہیں،آج میری درخواست پر جیل سے ہی سہی 100انڈیکس کے لاکھ ہونے پر مبارکباد کا پیغام دے دیں۔کامران ٹیسوری نے کہاکہ عمران خان کی طرف سے مبارکباد آنے کا مطلب مارکیٹ اور مستحکم ہوگی اور یہ سبھی پر فرض ہے ،سب سیاسی جماعتوں کو آج مبارکباد دینی چاہئے،دنیا کو یہ پیغام دینا چاہئے کہ معاشی طور پر ہم سب ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج اور ان کی ٹیم کا شکریہ ، میرا اکاو نٹ نہیں ہے میں بھی سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنا چاہوں گا، گورنر سندھ نے کہاکہ قطر روس کے سفیر پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی