i پاکستان

صادق آباد، انتظامیہ کی ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی، چینی کی 6 ہزار بوریاں برآمدتازترین

April 08, 2023

انتظامیہ نے چینی کے سٹے بازوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چاولوں کے تھیلوں میں چھپائی گئی چینی کی 6 ہزار بوریاں تحویل میں لے لیں جبکہ موقع سے گرفتار تین ملزمان سمیت مل مالک کے خلاف مقدمہ کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر صادق آباد شکیل احمد بھٹی کی سربراہی میں اے این انڈسٹریز و رائس ملز میں کارروائی کی گئی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر صادق آباد حماد حامد، ڈی او انڈسٹریز عماالدین جتوئی سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی کارروائی کے دوران انکے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے بتایا کہ انتظامیہ کو اطلاع ملی تھی کے تحصیل صادق آباد میں موجود رائس ملز میں چینی ذخیرہ کی گئی تھی، اے این انڈسٹریز و رائس ملز کے مالک اسرار احمد نے چار ماہ قبل چینی ذخیرہ کی تھی۔ شکیل احمد بھٹی نے بتایا کہ مالکان نے حکومتی ہدایات کے باوجود چینی کو مقامی انتظامیہ کے ریکارڈ میں ڈکلیئر نہیں کیا تھا، چینی کو سرکاری تحویل میں لیکر مالکان کے خلاف ذخیرہ اندوزی و سٹے بازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع میں اشیا روزمرہ کی ذخیر اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی