لوہے اور سٹیل کی سرمایہ کاری اور آپریشنز میں مصروف چینی سٹیل کمپنی سنچری سٹیل کو پاکستان میں رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں ایک قابل ذکر سٹیل مل قائم کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔گوادر پرو کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ (کے پی کے) کے وزیر اعلیٰ نے چین کی حکومت، اس میں شامل کمپنیوں اور پبلک سیکٹر کے اداروں کا اس منصوبے کی غیر متزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں کے پی کے کے نگراں وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے نوشہرہ کے قریب رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے فیز I کا افتتاح کیا۔ گوادر پرو کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ نے چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن اور خیبرپختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کی غیر معمولی کاوشوں اور غیرمتزلزل عزم کو سراہا۔ چینی سٹیل کمپنی، رشکئی اسپیشل اکنامک زون میں 20 ایکڑ اراضی پر واقع ہے، یہ زون چین پاکستان اکنامک کوریڈور ( سی پیک ) کا منصوبہ ہے جو تین مرحلوں میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔ گوادر پرو کے مطابق پہلے مرحلے میں تعمیراتی اسٹیل، بنیادی طور پر ریبار کی پیداوار شامل ہے۔ دوسرے مرحلے میں تار بنانا شامل ہے، جس میں لوہے کی تار، کیلیں، پیچ، ویلڈیڈ میش اور گول سلاخیں شامل ہیں۔ تیسرا مرحلہ پروفائل سٹیل تیار کرے گا، جس میں Hـbeams، Lـbeams، اور چینل سٹیل شامل ہے ۔ گوادر پرو کے مطابق تینوں مراحل مکمل ہونے کے بعد ہم پاکستان کو سالانہ 1,500,000 ٹن اسٹیل کی پیداوار فراہم کریں گے، کم از کم 1,000 مقامی ملازمتیں پیدا کریں گے، اور عظیم معاشی اور سماجی فوائد پیدا کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی