i پاکستان

روس کی فیڈریشن کونسل کی سپیکر کے دورہ پاکستان سے باہمی تعلقات کے فروغ کی نئی راہیں ہموار ہوں گی، چیئرمین سینیٹتازترین

October 28, 2024

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی نے کہا ہے کہ ویلنٹینا مٹوینیکو کے دورہ پاکستان سے پاکستان اور روس کے تعلقات کے فروغ کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روسی فیڈریشن کی فیڈریشن کونسل کی سپیکر ویلنٹینا مٹوینیکو سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے ما بین سفارتی ، معاشی، تجارتی اور پارلیمانی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ویلنٹینا مٹوینیکو کے دورہ پاکستان سے پاکستان اور روس کے تعلقات کے فروغ کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔ ان کے دورے سے علاقائی امن ،ترقی وخوشحالی کو فروغ حاصل ہو گا۔ یوسف رضا گیلانی نے 2010 میں اپنے دورہ روس کے دوران صدر ولادی میر پیوٹن کے ساتھ اپنی ملاقات اور اس وقت ہونے والے معاہدوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تیل اور گیس کے شعبوں سمیت انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے روس کی معاونت کو سراہتے ہیں۔

پاکستان کے ایوان بالا میں ایک موثر پاکستان روس دوستی گروپ تشکیل دیا جا چکا ہے۔عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے میں عوامی نمائندے بہترین رہنمائی فراہم کر سکتے ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین موجودہ تجارتی حجم کو مزید بڑھانے سمیت ، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے نئے مواقع کی تلاش کرنے کی ضرورت ہے ۔ نارتھ ۔ سائوتھ ٹرانسپورٹ راہداری بہت اہم ہے ۔اس موقع پر ویلنٹینا مٹوینیکو نے چیئرمین سینیٹ کو شاندار استقبال پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔پاکستان کے ساتھ تجارتی،اقتصادی ،سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے گا ۔ پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ سمیت مختلف شعبوں کے درمیان تعاون کو بھی فروغ دیا جائے گا ۔ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تعلقات کے فروغ سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا بلکہ عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے میں بھی مدد ملے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی