i پاکستان

رواں سال کے پہلے 7ماہ میں پاکستان کی چین کو ملبوسات کی برآمدات میں 5 فیصد اضافہتازترین

August 27, 2024

رواں سال کے پہلے 7ماہ میں پاکستان کی چین کو ملبوسات کی برآمدات 5 فیصد اضافہ کیساتھ 18.03 ملین ڈالر سے زائد تک پہنچ گئیں، پاکستان نے چین ک 13.10 ملین ڈالر مالیت کے مردوں جبکہ 4.93 ملین ڈالر کے خواتین کے ملبوسات برآمد کیے،چین کا ایک بڑا وفد رواں سال کراچی میں منعقد ہونے والی "ٹیکسپو" میں شرکت کرے گا۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق پاکستان اس وقت چین کو مردوں اور خواتین کے لیے بڑی مقدار میں ملبوسات فروخت کر رہا ہے۔ عوامی جمہوریہ چین کے جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (جی اے سی سی)کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 کے پہلے سات ماہ میں پاکستان کی چین کو مردوں اور خواتین کے لیے ملبوسات کی برآمدات تقریبا 5 فیصد اضافے کے ساتھ 18.03 ملین ڈالر سے زائد رہیں۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارت خانے کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلرغلام قادر نے چائنا اکنامک نیٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایاکہ پاکستانی ملبوسات اپنے بہترین معیار اور مناسب قیمت کی وجہ سے چین میں ٹرینڈ ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان چین کے ساتھ زمینی تجارت میں مسابقتی برتری اور چین پاکستان فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے تحت صفر ٹیرف فوائد حاصل کر رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2024 کے پہلے سات ماہ میں پاکستان نے چین کو 13.10 ملین ڈالر مالیت کے مردوں جبکہ 4.93 ملین ڈالر کے خواتین کے ملبوسات برآمد کیے۔ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران یہ اعداد و شمار بالترتیب 12.65 ملین ڈالر اور 4.66 ملین ڈالر تھے۔

چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق عبدالقادر نے مزید کہا کہ 2023 میں پاکستا ن سے مردوں کے ملبوسات کی چین کو برآمدات 28.66 ملین ڈالر تھیں، 2022 میں یہ 28.65 ملین ڈالر جبکہ 2021 میں یہ 21.62 ملین ڈالر تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال اب تک مجموعی طور پر مردوں کے ملبوسات میں 6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2024 کے پہلے سات ماہ میں خواتین یا لڑکیوں کی پتلون(کمیونٹی کوڈ 62046200) تقریبا 3 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ غلام قادر نے سی ای این کو بتایا کہ اس سال پاکستان کا ایک بڑا ٹیکسٹائل وفد چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای 2024) میں شرکت کرے گا اور توقع ہے کہ پاکستانی ماڈلز کی جانب سے فیشن شو ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کا ایک بڑا وفد رواں سال اکتوبر میں کراچی میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی ہال مارک ٹیکسٹائل اور چمڑے کی نمائش "ٹیکسپو" میں شرکت کرے گا۔ یہ نمائشیں خریداروں کے لئے دوطرفہ معیار کی مصنوعات کو چھونے ، محسوس کرنے اور تجربہ کرنے کے لئے بہترین سورسنگ مواقع کے طور پر کام کر تی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی