i پاکستان

روڈ سیفٹی کی عالمی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں غیرملکی مندوبین کی آمد کا سلسلہ جاریتازترین

February 07, 2023

روڈ سیفٹی کی عالمی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے انٹرنیشنل پارلیمنٹرینز کانگریس کے زیر اہتمام اسلام آباد میں پہلی دفعہ منعقد ہونے والی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں غیرملکی مندوبین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کیلئے بین الپارلیمانی یونین کے صدر دوآرتے پاشیکو پاکستان پہنچ گئے ہیں۔صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی بین الاقوامی کانفرنس کا (آج) بروز بدھ افتتاح کریں گے۔ بین الاقوامی کانفرنس میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی، بین الپارلیمانی یونین کے صدر دوآرتے پاشیکو،سیکرٹری جنرل آئی پی سی ستارہ ایاز،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی ایلچی برائے روڈ سیفٹی جین ٹوڈکے علاوہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے پارلیمنٹرنینز روڈ سیفٹی اور بہتری کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ کانفرنس کے مختلف سیشنز میں روڈ سیفٹی سے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لے کر سفارشات تیار کی جائیں گی اورکانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا جس میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے حکمت عملی پر سفارشات دی جائیں گی۔ اس اہم کانفرنس میں مختلف ممالک کے مندوبین کے علاوہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ماہرین بھی شرکت کریں گے۔ بین الاقوامی کانفرنس کے تمام امور کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔کانفرنس میں روڈ سیفٹی کے پانچ اہم ستونوں کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ روڈ حادثات کے واقعات کو کم سے کم کیا جاسکے۔(محمداویس)

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی