سندھ رینجرز اور ضلع سٹی پولیس نے لیاری میں مشترکہ کارروائی کے دوران ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث 2 ملزمان سید جواد شاہ اور سردار محمد عرف کانیا کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق دوران تفتیش ملزم سید جواد شاہ نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ جنوری 2022 میں ملزم سید جواد شاہ نے اپنے دیگر ساتھیوں وحید اور وقاص کے ہمراہ ناظم آباد نمبر 2 کے علاقے میں پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کی تھی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ ملزم سردار محمد عرف کانیا افغانی اپنے دیگر ڈکیت ساتھیوں امیر، سخی اور جابر افغانی کے ہمراہ شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹتے اور تشدد کا نشانہ بناتے تھے۔ چند ماہ پہلے رینجرز اور ایسٹ پولیس کی افغان ڈکیت حکیم عرف چیچو گینگ کے خلاف مشترکہ کارروائیوں اور گرفتاریوں کے بعد سے ملزم ایران فرار ہوگیا تھا۔ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم حال ہی میں ایران سے واپس آیا ہے اور واپسی پر اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سہراب گوٹھ کے علاقے میں مسافروں کو لوٹنے کے متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ ملزمان عادی مجرم ہیں اور متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی