i پاکستان

ریلوے کا 20 اکتوبر سے مزید تین ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہتازترین

October 11, 2022

وزارت ریلوے نے مسافروں کی سہولت کے پیش نظر 20 اکتوبر سے مزید تین ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ملت ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس اور سکھر ایکسپریس بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ملت ایکسپریس لالہ موسی سے براستہ سرگودھا، فیصل آباد اور کراچی جاتی ہے جبکہ علامہ اقبال ایکسپریس سیالکوٹ اور کراچی کے درمیان چلتی ہے۔ سکھر ایکسپریس کو کراچی سے روہڑی کے درمیان چلایا جاتا ہے۔وزیر ریلوے نے ٹرینوں کی آکیوپینسی، پنکچوئلٹی اور صفائی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ ایم ایل ون، ٹو اور تھری کی بحالی کا جائزہ لیا گیا، اس کے علاوہ کراچی اور کوئٹہ کو ملانے والے ہیروک برج پر کام کا جائزہ لیا گیا۔ تھر کول ٹرانسپورٹیشن پراجیکٹ کی جزیات اور تفصیلات بھی مرتب کی گئیں۔ قبل ازیں، 5 اکتوبر کو کراچی اور لاہور کے درمیان تین ٹرینیں بحال کی گئی تھیں جبکہ پہلے سے چلنے والی دو ٹرینوں کو بھی روہڑی سے کراچی جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ واضح رہے کہ سندھ میں سیلاب کے باعث ریلوے ٹریکس شدید متاثر ہوئے تھے جس کے باعث ریلوے کو ڈیڑھ ماہ قبل ٹرین آپریشن بند کرنا پڑا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی