ٹریفک پولیس نے ای چالان ڈیفالٹرز کے گرد گھیرا تنگ کردیا۔ حکام کے مطابق ٹریفک پولیس نے 78 ہزار 809 ای چلان ڈیفالٹر گاڑیاں پکڑ کر 2 کروڑ 62 لاکھ سے زائد جرمانہ وصول کیا۔ ٹریفک پولیس کے اعداد وشمار کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گزشتہ تین ماہ کے دوران 78 ہزار 809 ای چالان کئے گئے، 54ہزار سے زائد ای چالان ڈلفالٹرز نے اپنے چالان جمع کروا دیئے جن سے 2 کروڑ 48 لاکھ روپے زائد جرمانے وصول کیے گئے۔ ای چالان ڈیفالٹرز کیخلاف کریک ڈان کے دوران پچاس، ساٹھ، ستر سے زائد اور سنچری، ڈبل سنچری ای چالان والی متعدد گاڑیاں پکڑی گئیں جبکہ مال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، فیروز پور روڈ، وحدت روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر ٹیموں کی تاحال کارروائیاں جاری ہیں۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ ای چالان ڈیفالٹر گاڑیوں کے مالکان پولیس سروسز بھی حاصل نہیں کرسکتے، اب شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سوچ سمجھ کر کرنا ہو گی۔ علاوہ ازیں چیف ٹریفک آفیسر عمارہ اطہر نے ای چالان سے بچنے کیلئے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈان کا حکم دے دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی