راولپنڈی پولیس نے پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ سمیت پارٹی 8 کارکنوں کوحراست میں لے کر تھانہ سول لائن منتقل کردیا گیا ،تھانے کے باہر پی ٹی آئی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی ۔عالیہ حمزہ گزشتہ شب ورکرز کنونشن سے خطاب کے لیے نورانی محلہ پہنچیں تھیں جنہیں گرفتار کر کے ویمن پولیس سٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر نے کہا کہ 5 کارکنان کو تھانہ ایئرپورٹ منتقل کیاگیا ہے،عالیہ حمزہ کو تھانہ ویمن میں رکھا گیا ہے۔ سیمابیہ طاہر نے بتایا کہ راولپنڈی میں ہمارا یوتھ کنونشن تھا جہاں سے عالیہ حمزہ کو گرفتار کیا گیا، احتجاج کرنا یا کنونشن کرنا ہمارا آئینی حق ہے، ہم نیقانون کیخلاف کام نہیں کیا۔
ادھر پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے ایکس اکائونٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ عالیہ حمزہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، انہیں اور کارکنان کو گرفتار کر کے تھانہ سول لائن راولپنڈی منتقل کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق گرفتاری سے قبل چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے کہا تھا کہ ہم یہاں پرامن طور پر جمع ہوئے ہیں اور میں نے 10 منٹ بات کرنی ہے لیکن پولیس نے غیر قانونی طور پر گرفتار کر لیا۔ اس سے قبل ایک بیان میں پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ ملک کا کہنا تھا کہ گرینڈ ہیلتھ الائنس دھرنے پر تشدد اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، مال روڈ پر جس طرح خواتین کی بے حرمتی کی گئی اسکی کہیں مثال نہیں ملتی، یہ ظلم زیادہ دیر چلنے والا نہیں ہے، ایک ایک چیز کا حساب لیا جائے گا، یہ ہمارے لوگ ہیں ان پر ظلم کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی