راول انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز(آر آئی ایچ ایس)نے اسٹیٹ لائف انشورنس کے تعاون سے ہر خاندان کے لئے سالانہ بنیادوں پر صرف 12,500 میں پبلک ہیلتھ کارڈ متعارف اسکیم متعارف کروادی ۔ بدھ کو آر آئی ایچ ایس اور اسٹیٹ لائف انشورنس کے درمیان دستاویز پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چیئرمین آر آئی ایچ ایس خاقان وحید خواجہ نے ہیلتھ کارڈ اسکیم بارے بتاتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کو سرجری اور دانتوں کے علاج کے علاوہ آوٹ دور علاج فراہم کیا جائے گا، ہیلتھ کارڈ انشورنس کے تحت ضروری ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔فی الحال انسٹی ٹیوٹ 500 بستروں پر مشتمل ایک ٹیچنگ اسپتال چلا رہا ہے جس میں میڈیکل کالج بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا یہ اسکیم خاص طور پر غریب اور مستحق افراد کے لئے شروع کی گئی ہے،پہلے مرحلے میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے مریضوں کے علاج کے لیے 5 ہزار خاندانوں کی رجسٹریشن کی جائے گی، یہ سہولت آہستہ آہستہ پورے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام تک پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے کہا راول ہسپتال میں مختلففیکلٹی اور عملہ موجود ہے ، جو میڈیکل طلبا کی تعلیم ، مریضوں کی دیکھ بھال ، تدریس ، تحقیق اور کمیونٹی سروس سمیت متعدد سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے ۔اس کے علاوہ ، آر آئی ایچ ایس طلبا کو دنیا کو تبدیل کرنے کے لئے غیر معمولی اور ہمدرد ڈاکٹروں ، سرجنوں ، محققین اور رہنماوں بننے کی ترغیب ، حوصلہ افزائی اور قابل بناتا ہے۔وحید خواجہ نے مزید کہا کہ ہمارا مشن تمام طلبا کے لئے ان کی فکری، روحانی، جذباتی، ثقافتی اور جسمانی نشوونما کے لئے مساوی مواقع پیدا کرنا ہے، تاکہ وہ بہترین میڈیکل اور ڈینٹل پریکٹیشنرز کے طور پر پروان چڑھ سکیں۔ہم اپنے مریضوں کو ہمدردانہ، کم خرچ اور بہترین طبی دیکھ بھال فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی