پاکستان تحریک انصاف نے لیگی رہنما و سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کیخلاف اندراج مقدمہ کی ایک اور درخواست دائر کر دی۔ ڈسٹرکٹ ایند سیشن کورٹ ملیر میں رانا ثنا اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرانے کیلئے درخواست پی ٹی آئی لائرز فورم سندھ کے نائب صدر خالد محمود ایڈووکیٹ نے دائر کی، درخواست میں ایس ایس پی ملیر اور ایس ایچ او ملیر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کئی چینلز اور سوشل میڈیا پر رانا ثنا اللہ کا انٹرویو سنا، لیگی رہنما نے بانی پی ٹی آئی کو ختم کرنے کی دھمکی دی۔ درخواست گزار خالد محمود ایڈووکیٹ کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ ملیر سٹی پولیس کو ہدایت کی جائے کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کے ظہور محسود کی رانا ثنا اللہ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست مسترد ہو چکی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی