پشاور میں ریڈیو پاکستان پر حملے کے ایک اور ملزم کوگرفتار کر لیا گیاہے ۔ پولیس کے مطابق ملزم موسی خان کا تعلق پشاور کے نواحی علاقے پخہ غلام سے ہے، موسی خان ریڈیو پاکستان کی عمارت کو آگ لگانے کے جرم میں پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم 9مئی سے روپوش تھا اور اس کے خلاف تھانہ شرقی میں مقدمہ درج ہے، ملزم کی شناخت مختلف ویڈیوز کے ذریعے کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ 9 مئی کو سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں جلا گھیرا کیا تھا اور پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کو بھی آگ لگا دی تھی۔ ریڈیو پاکستان پر حملے اور عمارت کو جلائے جانے کے بعد نشریات دو دن تک معطل رہنے کے بعد بحال کر دیا گیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی